پی ڈی ایم اسلام آباد میں کوئی حرکت کرتی ہے تو اس کا جواب سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کی صورت میں دیا جائے گا: وفاقی وزیر داخلہ

 
0
260

اسلام آباد 18 مارچ 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ ڈھائی سال گزر چکے ہیں، اب ساری اپوزیشن سے بات کریں اور معاملات آگے بڑھائیں۔ انہوں ںے واضح کیا کہ اگر پی ڈی ایم اسلام آباد میں کوئی حرکت کرتی ہے تو اس کا جواب سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کی صورت میں دیا جائے گا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈھائی سال میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم نے خود کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ٹوٹ پھوٹ پر کوئی بیان نہیں دینا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم استعفے دیتی ہے تو فوج کی تعیناتی کے بغیر ضمنی الیکشن نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں ںے انکشاف کیا کہ وفاقی کابینہ میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہونے جارہا ہے۔

شیخ رشید احمد نے واضح کیا کہ سکندر سلطان راجہ کو چیف الیکشن کمشنر بنانے کا مشورہ انہوں ںے نہیں دیا تھا تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ وزیراعظم کو کہیں اورتعیناتی کے لیے کہا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور لاہور ہی نہیں بلکہ منسٹر انکلیو تک پر دہشت گردی کے حملے کا خطرہ ہے۔