اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سینما گھر کھولنے کی اجازت

 
0
270

اسلام آباد 28 جون 2021 (ٹی این ایس): نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یکم جولائی سے ملک بھر میں سینما ہالز کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔ این سی او سی کے مطابق سینما ہالز رات 1 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی سینما میں فلم دیکھ سکیں گے۔

این سی او سی کی جانب سے کاروباری مراکز کے اوقات کار رات 10 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول پمپ، میڈیکل اسٹور سمیت ضروریات کے اہم کاروباروں کو 24/7 کھلنے کی اجازت ہو گی۔

اس کے علاوہ این سی او سی نے آوٹ ڈور ڈائن اِن کی اجازت جب کہ ان ڈور پر 50 فیصد کی پابندی عائد کر دی۔ صرف ویکسین لگوانےوالےافراد ہی ان ڈور ڈائن اِن کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

این سی او سی نے ہدایت کی کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس انتظامیہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کا لائحہ عمل بنایا جائے۔

این سی او سی کے مطابق آوٹ ڈورشادی کی تقریب میں 400 افراد شریک ہوسکیں گے، 200 افراد تک ویکسینیٹڈ افراد ان ڈور شادی کی تقریب میں شریک ہوسکیں گے۔