بھارتی دھمکیوں کے سبب غیرملکی کھلاڑیوں کا کشمیر پریمیئر لیگ میں کیھلنے سے انکار

 
0
231

اسلام آباد 30 جولائی 2021 (ٹی این ایس): بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکیوں کے سبب غیرملکی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں البتہ سابق سری لنکن کپتان تلکارتنے دلشان نے اس کے باوجود لیگ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی بورڈ کی جانب سے سنگین دھمکیوں کے بعد غیرملکی کھلاڑی لیگ سے دستبردار ہو گئے ہیں حالانکہ اس سے قبل انہوں نے بلامشروط لیگ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے کشمیر پریمیئر لیگ کھیلنے کے خواہشمند کرکٹرز کو دھمکی دی کہ لیگ میں شرکت کی صورت میں ان انڈین پریمیئر لیگ اور بھارت میں کرکٹ کے دروازے بند ہو جائیں گے اور اب لیگ کا انعقاد پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہی ہو گا۔

دوسری جانب بھارتی بروڈ ی دھمکیوں کے باوجود سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تلکارتنے دلشان نے کشمیر پریمئر لیگ کھیلنے اور مظفرآباد ٹائیگرز کی نمائندگی کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین مظفرآباد ٹائیگرز ارشد خان تنولی نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تلکارتنے دلشان کو ہر ممکن سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلکارتنے دلشان سے بات ہوئی ہے، وہ لیگ میں شرکت کے لیے بے تاب ہیں اور ہم ان کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔

انہوں نے سابق سری لنکن کپتان کو پاکستان اور کشمیری عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ باقی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو بھی دلشان کی پیروی کرنی چاہیے۔
ادھر کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی دستیابی سے متعلق ٹی وی پر خبروں کے ذریعے سےعلم ہوا اور خبر کی تصدیق بھی کروائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تلکارتنے دلشان نے اب بھی کھیلنے میں دلچسپی ظاہرکی ہے جس کی خوشی ہے اور کھلاڑیوں کو بھارتی دھمکیوں کے حوالے سے وزارت خارجہ سے بات کررہے ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ غیرملکی کھلاڑی پلان کے مطابق کھیلنے آئیں۔

عارف ملک نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ سے متعلق بھارتی میڈیا پر منفی خبریں چلائی جارہی تھیں، ہم نے پہلے دن سے کہا کہ ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے لیکن شاید لیگ میں شریک 5 کشمیری کھلاڑی ان کے لیے مسئلہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ کشمیری کھلاڑی انٹرنیشنل پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر نہ کریں البتہ ہم کشمیرپریمیئر لیگ کے ذریعے پرامن کشمیر دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔

پریمیئر لیگ کے صدر نے کہا کہ لیگ کے میچز شیدول کے مطابق منعقد کرائے جائیں گے اور ہم مزید جوش و جذبے کے ساتھ کشمیر پریمیئر لیگ کا انعقاد کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان نامور انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ ساتھ غیرملکی کھلاڑیوں نے بھی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔

ان غیرملکی کھلاڑیوں میں ہرشل گبز، اویس شاہ، مونٹی پنیسر، تلکارتنے دلشان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی لیگ میں شرکت کی تصدیق کی تھی جس کے بعد انہیں ڈرافٹ کے عمل میں شامل کیا گیا تھا۔

کشمیرپریمیئر لیگ 16 سے27 مئی تک آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کھیلی جائے گی۔