امریکی فضائی حملے میں 20 افغان شہری ہلاک

 
0
133

اسلام آباد 10 اگست 2021 (ٹی این ایس): طالبان سے جھڑپوں اور امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں 20 عام شہری ہلاک جب کہ اسکول اور کلینک تباہ ہوگیا۔

افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں سے صوبے ہلمند میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں جب کہ امریکی فضائی حملے اور طالبان سے جھڑپوں کے نتیجے میں 20 عام شہری ہلاک ہوگئے، اس کے علاوہ علاقے میں ایک اسکول اور کلینک بھی تباہ ہوگیا۔

افغان سیکیورٹی فورسز کے مطابق لشکرگاہ کے ضلع 1 اور 2 کو طالبان سے خالی کرالیا گیا ہے جب کہ ضلع نمبر 2 اور 7 میں طالبان نے اپنے ٹھکانے بنائے ہوئے تھے جہاں امریکی B-52 بمبار طیاروں نے فضائی حملہ کیا۔

دوسری جانب اسکول کے چوکیدار کا کہنا ہے کہ رات 10 بجے کے قریب فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اسکول تباہ ہوگیا، اس کے علاوہ ہلمند میں رہائش پذیر افراد کے مطابق فضائی اور راکٹ حملوں میں صرف عام شہری مارے گئے جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔