نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان سے سیریز منسوخ کر دی

 
0
120

اسلام آباد 17 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز منسوخ کردی گئی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی جس کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شاید کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پھر یہ خبر سامنے آئی کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے میچ منسوخ کیا گیا ہے تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتایا ہے۔

واضح رہے کہ میچ آج دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا۔ شائقین کو بھی اب تک اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈکی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کےسبب راولپنڈی میں پہلے ون ڈےمیچ کیلئے اسٹیڈیم آنے سے انکار کردیا جس کے بعد میچ منسوخ کیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق سکیورٹی حکام، پی سی بی نےکئی گھنٹوں تک نیوزی لینڈکرکٹ ٹیم کو قائل کرنےکی کوشش کیں لیکن نیوزی لینڈ ٹیم کو منانے کی کوششیں ناکام رہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان اور نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے بھی بات کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ آج شام پریس کانفرنس کریں گے جس میں بعض اہم معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔