خیبر پختونخوا کے عوام نے کمر توڑ مہنگائی کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کر دیا

 
0
133

اسلام آباد 21 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مسترد کر دیا ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے کمر توڑ مہنگائی کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس ناکام تجربے کے اختتام کا آغاز ہے جس کی عوام نے بھاری قیمت چکائی ہے اور اب خیبر پختونخوا کی عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کر دیا۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کے پاس اب بھی موقع ہے وہ مستعفیٰ ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کا نتیجہ پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی ہے اور ایک وقت آئے گا پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا۔ یہ پہلی حکومت ہے جو ایک کے بعد ایک انتخاب ہار رہی ہے۔ پشاور میں ایک بی آر ٹی ہے جو چلتی کم جلتی زیادہ ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو لاہور، خانیوال، پشاور اور خیبر پختونخوا کے ہر ضلع سے شرمناک شکست ہوئی تاہم عمران خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے کہ وہ مستعفی ہوجائیں۔ مولانا فضل الرحمان کو خیبر پختونخوا میں جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔