بیماریوں کی روک تھام کیلئے کمیونٹی کو شامل کرنے کی ضرورت ہے ، ہسپتال ، میڈیا اور کمیونٹی لوگوں میں بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی پیدا کرے ، صدر عارف علوی

 
0
124

اسلام آباد 19 مارچ 2022 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بیماریوں کی روک تھام کیلئے کمیونٹی کو شامل کرنے کی ضرورت ہے ، ہسپتال ، میڈیا اور کمیونٹی لوگوں میں بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی پیدا کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی ، اسلام آباد کی سینیٹ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر تنویر خالق، سینیٹ کے ممبران اور سینئرحکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وائس چانسلر کی جانب سے یونیورسٹی کے کردار اور کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں مستقبل کے اہداف، نئے تعلیمی پروگرامز اور جاری منصوبوں پر پیشرفت پر بھی روشنی ڈالی گئی ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام کیلئے کمیونٹی کو شامل کرنے کی ضرورت ہے ، ہسپتال ، میڈیا اور کمیونٹی لوگوں میں بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی پیدا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ عالمی معیار کے مطابق میڈیکل پرو فیشنل پیدا کرے ، یونیورسٹی اعلیٰ معیار کی تحقیق پر بھی خصوصی توجہ دے ۔