تحریک عدم اعتماد؛ سپریم کورٹ جو بھی حکم دے اس پر سختی سے عمل کیا جائے، وزیراعظم

 
0
140

اسلام آباد 19 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدالت کا جو حکم ہے اس پر سختی سے عمل کیاجائے۔

وزیراعظم عمران خان سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے ملاقات کی اور انہیں سپریم کور ٹ میں آج ہونے والی سماعت پر بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں مختلف قانونی امور پر بھی مشاورت کی گئی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ جو بھی حکم دے اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔

خیال رہے کہ عدالت عظمیٰ میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سیاسی کشیدگی کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تحریک عدم اعتماد پر آئین کے مطابق عمل جاری رکھا جائے،عدالت سیاسی عمل میں مداخلت نہیں کرے گی۔

عدالت نے تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائےاسلام ف کو نوٹسزجاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے وکلا کے ذریعے پیر کو پیش ہوں اور کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی۔