ازخود نوٹس: سپریم کورٹ کا لارجر بینچ آج سماعت کرے گا

 
0
184

اسلام آباد 06 اپریل 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ اور اسمبلی توڑنے کے معاملے پر ازخود نوٹس کی سماعت آج پھر ہو گی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس پاکستان نے گزشتہ روز سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ قائم مقام حکومت کا قیام عدالتی کارروائی سے مشروط ہے، آج کیس نمٹانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے موقع پر پارلیمنٹ میں اکثریت موجود تھی، رولز کے تحت آئینی حق نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

چیف جسٹس کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدالت وفاداریوں کی بنیاد پر نہیں، آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے گی۔

یاد رہے کہ 3 اپریل بروز اتوار کو ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو غیر ملکی سازش قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کی قرارداد مسترد کر دی تھی۔