سپریم کورٹ کا سندھ حکومت کو تمام محکموں میں معذور افراد کوبھرتی کرنے کا حکم

 
0
74

سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو چارماہ میں تمام محکموں میں معذورافراد کو بھرتی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ کے سرکاری محکموں میں معذور افراد کے کوٹے پرملازمتیں نہ دینے کے خلاف سماعت ہوئی۔
معذورافراد کے سرکاری کوٹے پرعملدرآمد نہ کرنے پرعدالت نے سندھ حکومت پر برہم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں میں معذور افراد کی بھرتیوں کا عمل 2 ہفتوں میں شروع کیا جائے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ جن محکموں میں آسامیاں خالی ہیں ان میں بھرتیاں کی جائیں گی اور معذور افراد کے کوٹے پر کچھ حد تک عملدرآمد کیا ہے۔
درخواست کے مطابق صوبے میں تمام محکموں میں معذور افراد کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے لیکن کوٹہ مختص ہونے کے باوجود سندھ حکومت معذور افراد کو سرکاری ملازمین نہیں دے رہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ حکومت کو معذور افراد کے کوٹے پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیا جائے۔