اسلام آباد (ٹی این ایس) کشمیر اور پاکستان کے عوام یک جان دو قالب کی مانند ہیں، چیئرمین کشمیر کمیٹی

 
0
28

(اصغر علی مبارک)

اسلام آباد (ٹی این ایس)؛ قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس چیئرمین رانا محمد قاسم نون کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انور الحق نے خصوصی شرکت کی۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے آزاد کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ ناخوشگوار واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام یک جان دو قالب کی مانند ہیں، پاکستانی عوام کا کشمیری عوام کے ساتھ خون کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کی عوام کو تقسیم کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو علاقائی اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کشمیری عوام کی حمایت کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین نے کشمیر کے حوالے سے یکجہتی کے دنوں کو بھرپور طریقے سے منانے اور نوجوانوں، سول سوسائٹی، اور ڈیجیٹل میڈیا کے کردار کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی وہ کشمیر کے خصوصی دنوں کو دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کیلئے سوشل، ڈیجیٹل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے استعمال کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہ وزارت اطلاعات و نشریات میں اس سلسلے میں کشمیر میڈیا سیل قائم کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر سے متعلق علاقائی اور عالمی سطح پر پروگرام منعقد کرائے جائیں اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی حالت زار، انکے ساتھ ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین اور مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔

اجلاس میں کشمیر کی موجودہ صورتحال، آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، اور 2005 کے زلزلے کے بعد تعمیراتی منصوبوں میں تاخیر پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔چیئرمین نے آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی تعمیر نو نا ہونے پر ایریا اور سیرا کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا اور اس معاملے پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مزید غور و خوض کے لیے معاملہ ذیلی کمیٹی کی سپرد کرنے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ ذیلی کمیٹی اس اہم معاملے پر متعلقہ حکام سے تفصیلات طلب کرے۔انہوں نے آزاد کشمیر میں وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یاسین نے کمیٹی کو کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مسئلہ کشمیر پر تاریخی مؤقف کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھر پور انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کمیٹی کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام 99 فیصد پاکستان سے الحاق کے حامی ہیں اور کشمیری عوام کا اوڑھنا بچھونا پاکستان کے ساتھ ہے۔انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کو درپیش مالی مسائل،منگلا ڈیم کے متاثرین اور زلزلہ 2005 کے بعد سرکاری سکولوں اور ہسپتالوں کی ابھی تک تعمیر نو نا ہونے، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر سمیت آزاد کشمیر کی عوام کو درپیش دیگر مسائل سے متعلق کمیٹی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا اوڑھنا بچھونا پاکستان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ ناخوشگوار واقعات شرپسند عناصر کی گھناؤنی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کا مقصد اس وقت تک پورا نہیں ہوتا جب تک کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا مکمل نہیں ہوتا۔

کمیٹی نے مانسہرہ سے مظفرآباد تک موٹر وے کی جلد تکمیل اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر، مظفرآباد آباد اور میرپور ائیر پورٹس پر جاری کاموں میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا۔کمیٹی نے آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبے کو بھی ذیلی کمیٹی کو بھیجنے کی تجویز دی۔

کمیٹی اجلاس میں طارق فضل چوہدری، سردار محمد یوسف، فتح اللہ خان، خرم شہزاد ورک، صاحبزادہ ذوالفقار احمد، اسد عالم نیازی، سینیٹر کامل علی آغا، محترمہ شرمیلا فاروقی، محترمہ وجہیہ قمر، سینیٹر ڈاکٹر ذرقا سہروردی، سیکرٹری کشمیر افیئرز، وزارت اطلاعات و نشریات اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی