اسلام آباد :ستمبر6(ٹی این ایس) پاکستان سے رواں سال 48 ہزار رجسٹرڈ افغان مہاجرین اب تک وطن واپس جاچکے ہیں۔ واپس جانے والے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو فی کس 200 ڈالر دیئے جا رہے ہیں جبکہ گزشتہ برسوں کے دوران مجموعی طور پر چار لاکھ 30 ہزار رجسٹرڈ افغان مہاجرین افغانستان واپس گئے۔ وزارت سیفران کے حکام کے مطابق ملک بھر سے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ رواں سال 2017ء میں اب تک 48 ہزار رجسٹرڈ افغان مہاجرین واپس افغانستان پہنچ گئے ہیں۔ واپس جانے والے افراد کو یو این ایچ سی آر کی جانب سے فی فرد کے حساب سے 200 ڈالر امداد دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی افغان واپسی کا عمل 1979ء سے شروع ہوا تھا۔ حکام کے مطابق پاکستان افغان مہاجرین کی طویل میزبانی کرنے والا پوری دنیا میں واحد ملک ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین اب بھی قیام پذیر ہیں۔