اسلام آباد (ٹی این ایس)(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے مسئلے پر کل جماعتی کانفرنس( اے پی سی ) بلانے کا مطالبہ کردیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے مسئلے پر کل جماعتی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بھی پے رول پر رہا کرکے اے پی سی میں بلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع کواپنی نالائقی چھپانے کے بجائے مستعفی ہوجانا چاہیے، سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی کا مسئلہ سیاست سے بالاتر ہے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیزوں کو وہی جماعت کنٹرول کرسکتی ہے جس کے پیچھے عوام ہوں، بانی پی ٹی آئی عمران خان سب کو اکٹھا کرنے میں کردارادا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سیاسی کیسز ہیں، دہشت گردی کے اہم ایشو پر عمران خان کو پیرول پر باہر لایا جاسکتا ہے،اگر حکومت سنجیدہ ہے تو سنجیدگی دکھانی بھی پڑے گی۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دہشتگردی کے مسئلے پر مکمل سیاسی سپورٹ دینے کیلیے تیار ہے، اگر مسئلہ حل کرنا ہے تو عمران خان کو پیرول پر رہا کرنا پڑے گا۔
سوشل میڈیا کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کسی کے بھی ہاتھ میں نہیں، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں جسکے پاس موبائل کیمرا ہے وہ صحافی بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مثبت چیزیں بھی ہیں منفی بھی، پیکا لا پاس کرکے اور انٹرنیٹ بند کرکے بھی سوشل میڈیا پر منفی چیزیں کو نہیں روکا جاسکا۔ سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ میں سوشل میڈیا نہ دیکھتا ہوں نہ پڑھتا ہوں ، مجھے نہیں معلوم سوشل میڈیا پر کیا چل رہا ہے