لاہور /اسلام آباد (ٹی این ایس) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے 26ارکان کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا۔تفصیلات کے کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان الیکشن کمیشن پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان صوبائی اسمبلی پنجاب کیخلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن میں دائر کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ملک احمد نے سنی اتحاد کونسل کے 26ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا۔27جون کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے ساتھ ساتھ توڑ پھوڑ کی تھی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی تھی ، جس کے بعد 28 جون کو اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری طرف اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ ریفرنس دائر کردیا ہے جو لوگ آئین اور حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے انہیں رکن اسمبلی رہنے کا حق نہیں، آئین توڑنے والے 25 کے بجائے 35 بھی ہوں تو بھی یہی کروں گا، آئین ہمیشہ غالب رہے گا۔ اسپیکرپنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ حلف کی پاسداری کی خلاف ورزی کس زمرے میں آتا ہے؟ یہ سوال الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا ہے۔