اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد پاکستان کا خوبصورت دارالحکومت ہے جو ہمیشہ ایک جدید، صاف ستھرا اور منظم شہر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس شہر کو ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کی بہتری اور شہری سہولیات کی فراہمی سے جہاں سی ڈی اے پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے وہاں اس کا کریڈٹ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت اور محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں سی ڈی اے کی شاندار کارکردگی کو جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے شہر ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
موجودہ چیئرمین کی قیادت میں سی ڈی اے نے سڑکوں کی مرمت، نئی سڑکوں کی تعمیر، اور ٹریفک مینجمنٹ کے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا ہے۔ ایکسپریس وے، آئی جے پرنسپل روڈ، سری نگر ہائی وے اور دیگر اہم راستوں پر توسیع اور بہتری کا عمل نہایت شفافیت کے ساتھ مکمل کیا گیا، جس سے شہریوں کے سفر کو آسان اور محفوظ بنایا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے کی خصوصی ہدایت پر شہر بھر میں صفائی مہمات چلائی گئیں، جن کے تحت کچرے کی بروقت صفائی، نالوں کی صفائی، اور پارکوں کی حالت بہتر بنائی گئی۔ ساتھ ہی ساتھ، شجرکاری مہمات کے ذریعے شہر کے ماحولیاتی حسن کو بھی بحال کیا گیا ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔
جدید سہولیات اور شہری خدمات کے لیے
سی ڈی اے نے آن لائن سروسز کو فروغ دیا، جیسے کہ آن لائن نقشہ منظوری، ٹیکس ادائیگی اور شکایات کے اندراج کے نظام۔ اس ڈیجیٹل انقلاب سے شہریوں کو سہولت میسر آئی ہے اور شفافیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، نئے پارکوں، فٹ پاتھوں، بس سٹاپس اور پبلک ٹوائلٹس کی تعمیر بھی قابل ذکر ہے۔
غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشنز سے شہر کی خوبصورتی اور پلاننگ کو بحال رکھنے کے لیے سی ڈی اے نے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہا ہے۔ کچی آبادیوں، غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا تفریق آپریشنز کیے گئے، جس سے عوامی جگہوں کو واگزار کرایا گیا۔
مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے سلسلہ میں موجودہ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نےنہ صرف مسائل کا حل نکال رہے ہیں بلکہ اسلام آباد کو ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے مستقبل کے کئی منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔ مثلاً ماس ٹرانزٹ سسٹم، واٹر منیجمنٹ پلان، اور سمارٹ سٹی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
سی ڈی اے کی حالیہ کارکردگی ایک قابل تقلید مثال ہے کہ اگر قیادت مخلص ہو تو پھر ادارے عوام کی خدمت میں پیش پیش ہو تے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں اسلام آباد ترقی، خوشحالی صفائی اور خوبصورتی کا شاندار گہوارہ بنتا جا رہا ہے، جو ہر پاکستانی کے لیے باعث فخر ہے













