بیجنگ (ٹی این ایس) غنڈہ گردی بین الاقوامی نظم و نسق کو بری طرح متاثر کر رہی ہے، چینی صدر

 
0
33

تمام ممالک کو دوسرے ممالک کے منتخب کردہ ترقی کے راستوں کا احترام کرنا چاہیے، شی جن پھنگ

بیجنگ (ٹی این ایس) چینی صدر شی جن پھنگ سے آئرلینڈ کے وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ملاقات کی، جو چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ میں موجود ہیں۔

پیر کے روز ملاقات کے دوران شی جن پھنگ نے کہا کہ باہمی احترام، برابری اور مشترکہ کامیابی چین آئرلینڈ تعلقات کی طویل مدتی مستحکم ترقی کے لیے قابل قدر تجربات ہیں۔ چین آئرلینڈ کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو مضبوط بنانے، سیاسی باہمی اعتماد کو گہرا کرنے، اور عملی تعاون کو وسعت دینے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچایا جائے اور چین-یورپی یونین تعلقات کو تقویت دی جائے۔

شی جن پھنگ نےاس بات پر زور دیا کہ آج کی دنیا میں یکطرفہ غنڈہ گردی بین الاقوامی نظم و نسق کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ تمام ممالک کو دوسرے ممالک کے عوام کی جانب سے آزادانہ طور پر منتخب کردہ ترقی کے راستوں کا احترام کرنا چاہیے اور بین الاقوامی قوانین نیز اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔ اس سلسلے میں بڑی طاقتوں کو رہنما کردار ادا کرنا ہوگا ۔

شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ چین اور آئرلینڈ دونوں کثیرالجہتی اور بین الاقوامی عدل و انصاف کی حمایت کرتے ہیں۔اقوام متحدہ کے اختیارات کو مل کر برقرار رکھنا ضروری ہے۔ آئرلینڈ رواں سال کی دوسری ششماہی میں یورپی یونین کی صدارت سنبھالے گا۔ امید ہے کہ آئرلینڈ چین یورپی یونین تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی میں تعمیری کردار ادا کرےگا۔
مارٹن نے کہا کہ آئرلینڈ اور چین کے درمیان گہری اور دیرینہ دوستی پائی جاتی ہے۔ آئرلینڈ ون چائنا پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بین الاقوامی تنازعہ کو بین الاقوامی قانون کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

آئرلینڈ چین کے ساتھ قریبی روابط اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے، بین الاقوامی قانون کا تحفظ کرنے، آزاد اور کھلی تجارت پر عمل کرنے اور عالمی خوشحالی و استحکام کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ آئرلینڈ یورپی یونین-چین تعلقات کی صحت مند ترقی کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔