اسلام آباد (ٹی این ایس) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار سمیت 6 بہادر سپوت شہید ہوئے’ عسکری ذرائع کے مطابق31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب دہشتگردوں نے کسٹمز ہاؤس پر قبضہ کیلئے حملہ کیا جس کا سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے’ فرار دہشتگردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید دہشتگرد ہلاک و زخمی ہوئے’ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر مسافروں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ دہشتگردوں نے بھتہ خوری کے لیے غیرقانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا’ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جاری مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں










