اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمد یٰسین،جنرل سیکرٹری اسدمحمود،صدرشوکت علی انجم،چیئرمین چوہدری عبدالرحمان عاصی، سید عطاء اللہ شاہ، حاجی انور کمال خان، محمد سلمان ہوتی، محبوب اللہ و دیگرقائدین نے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے حالیہ الیکشن میں ممتاز لیبر لیڈر اور مزدور تحریک کے سرگرم ساتھی محمد حنیف رامے کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے اور مرکزی وائس چیئرمین منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اس موقع پر قائدین نے کہا کہ محمد حنیف رامے کی یہ کامیابی صرف ایک شخص کی کامیابی نہیں بلکہ ملک بھر کے محنت کشوں، مزدور تنظیموں اور مزدور تحریک کی اجتماعی کامیابی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حنیف رامے نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق، ان کی عزتِ نفس، روزگار کے تحفظ، مناسب اجرت، سماجی تحفظ اور انسانی حقوق کے لیے بے لوث جدوجہد کی ہے اور آج ان کی اس طویل جدوجہد کو بھرپور پذیرائی ملی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان ملک کا ایک انتہائی معتبر، متحرک اور بااثر انسانی حقوق کا پلیٹ فارم ہے۔ اس اہم فورم پر ایک تجربہ کار مزدور رہنما کی نمائندگی اس بات کی علامت ہے کہ اب مزدوروں کے مسائل، ان کے دکھ درد اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کو قومی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔مزدور قائدین نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب مرکزی وائس چیئرمین محمد حنیف رامے اپنی صلاحیتوں، تجربے اور مزدور دوستی کے جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، جبری مشقت کے خاتمے، چائلڈ لیبر کی روک تھام، خواتین ورکرز کے حقوق، اور محنت کشوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کی مزدور تنظیمیں محمد حنیف رامے کی کامیابی کو اپنے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھتی ہیں اور اس کامیابی سے مزدور تحریک کو نئی توانائی، نیا حوصلہ اور نیا اعتماد ملا ہے۔آخر میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے قائدین نے نومنتخب وائس چیئرمین محمد حنیف رامے کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ مزدور تنظیمیں ہر فورم پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔














