وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے ترکی پہنچ گئےٗ

 
0
406

اسلام آباد اکتوبر 19(ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 سربراہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کیلئے جمعرات کو ترکی پہنچ گئے ٗڈی 8 سربراہ اجلاس 20 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یہ بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائجیریا، پاکستان اور ترکی پر مشتمل 8 ترقی پذیر ممالک کا 9 واں سربراہ اجلاس ہے ٗاس وقت ڈی ایٹ کی سربراہی پاکستان کے پاس ہے، اس نے نومبر 2012ء میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی 8 ویں ڈی ایٹ میں صدارت سنبھالی تھی۔ پاکستان دو سال کی عمومی مدت کے بعد بھی صدارت کے فرائض انجام دیتا رہا ہے۔ نومبر 2012ء میں اسلام آباد سمٹ کے دوران ڈی ایٹ چارٹر اور گلوبل وژن کی 2 اہم دستاویز پر دستخط ہوئے تھے۔ وزیراعظم ڈی ایٹ سمٹ کی سربراہی ترکی کو سونپیں گے۔ استنبول سربراہ کانفرنس میں اعلامیہ اور لائحہ عمل کی منظوری متوقع ہے۔ ڈی ایٹ منشور میں تعاون کے اہم شعبہ جات میں توانائی، صنعت، زراعت و غذائی تحفظ، توانائی، تجارت، ٹرانسپورٹیشن و سیاحت شامل ہیں۔ استنبول سربراہ کانفرنس کے موقع پر تنظیم کی 20 ویں سالگرہ بھی منائی جائے گی۔ توقع ہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سربراہ کانفرنس کے موقع پر ڈی ایٹ رکن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔