گورنر پنجاب رفیق رجوانہ  آج نوویں انٹیریئرز پاکستان میگا نمائش کا افتتاح کریں گے،100 سے زائد مقامی فرنیچر کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اپنی مصنوعات کی نمائش کررہے ہیں

 
0
704

لاہور ، دسمبر 15 (ٹی این ایس):  گورنر پنجاب رفیق رجوانہ  آج سہ پہر 3 بجے ایکسپو سنٹر لاہور میں 9 ویں انٹیریئرز پاکستان میگا نمائش 2017 کا افتتاح کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) میاں کاشف اشفاق نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ نمائش کا بنیادی مقصد پاکستان کی فرنیچر اور متعلقہ مصنوعات کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا ہے۔ نمائش میں سفارتکار، بزنس کمیونٹی، فرنیچر کی صنعت سے وابستہ شخصیات اور غیر ملکی وفود شرکت کریں گے۔ چین، اٹلی، برطانیہ، ترکی، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ کی فرنیچر انڈسٹریکے نمائندوں نے اپنی شرکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ دیگر ممالک کے وفود کی شرکت بھی متوقع ہے، مہمانوں تواضع کے علاوہ مناسب سکیورٹی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

میگا نمائش میں 100 سے زائد مقامی فرنیچر کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اپنی مصنوعات کی نمائش کررہے ہیں جبکہ اس میں دو سے اڑھائی لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ فرنیچر خریدنے کے خواہشمند افراد کو نمائش میں پیش کردہ مختلف اشیاء پر 20 فیصد تک خصوصی ڈسکائونٹ جائے گا۔

پاکستان کی لکڑی کی صنعت بہت ترقی یافتہ ہے اور ملک کی مجموعی فرنیچر مارکیٹ کے 95 فیصد کا احاطہ کرتی ہے۔ ملک میں لکڑی کے فرنیچر کے 700 سے زائد یونٹ ہیں اور صرف چنیوٹ ملک کی 80 فی صد فرنیچر طلب پوری کرتا ہے جبکہ گجرات ورلڈ کلاس فرنیچر کا مرکز اور پشاور، لاہور اور کراچی دیگر اہم مراکز ہیں۔

پی ایف سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ 2015-16 میں پاکستان نے 1.69 ارب روپے کا فرنیچر کی درآمد کیا،جبکہ فرنیچر کی درآمد مقامی فرنیچر کی صنعت میں بے روزگاری کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر کی صنعت میں بہت بڑی صلاحیت ہے کیونکہ اس میں افرادی قوت اور سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

میگا نمائش میں نائب صدر سارک چیمبر اور یونائٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک، سابق ٹی ڈی اے پی چیف ایس ایم منیر، فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری زبیر طفیل، سینئر نائب صدر عامر عطا باجوہ، نائب صدر منظور الحق ملک، صدر لاہور چیمبر طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل، چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور صدر ویمن چیمبرز کے علاوہ دیگر اہم کاروباری و تاجررہنماء بھی اس موقع پر موجود ہوں گے جبکہ وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل محمد پرویز ملک آخری دن مہمان خصوصی ہوں گے۔