ترکی نے شامی گاؤں پر حملے کے دوران گیس کا استعمال کیا،نگراں گروپ

 
0
7815

بیروت فروری 18(ٹی این ایس)شام میں کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹس کی فورس اور انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے بتایا ہے کہ ترک فوج نے شام کے علاقے عفرین میں حملے کے دوران مبینہ طور پر گیس کا استعمال کیا۔ اس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ترکی کی فوج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا تاہم اس سے قبل وہ عفرین میں فوجی آپریشن کے دوران شہریوں کے زخمی ہونے کے حوالے سے الزامات کی تردید کر چکی ہے۔کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے ترجمان نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ترکی کی تازہ ترین بم باری نے شام اور ترکی کے درمیان سرحد کے نزدیک ایک گاؤں کو لپیٹ میں لیا۔ حملے بعد چھ افراد سانس گھٹ جانے کا شکار ہوئے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس حملے میں گیس استعمال کی گئی۔ترکی نے گزشتہ ماہ شام کے علاقے عفرین میں زمینی اور فضائی حملے کے ساتھ فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ اس کا مقصد شمالی شام میں کرد جنگجوؤں کو نشانہ بنانا ہے۔اقوام متحدہ نے چھ فروری کو شام میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔