نیاپاکستان بنانے والوں نے صرف کھوکھلے نعرے لگائے ،عوام سے جھوٹ کی سیاست کی ہے، سردار اویس احمد خان لغاری

 
0
285

ملتان ، فروری 19 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے پاورڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ نیاپاکستان بنانے والوں نے صرف کھوکھلے نعرے لگائے اور عوام سے جھوٹ کی سیاست کی ہے، آصف زرداری کو عوام سے نہیں پیسے سے پیار ہے، مسلم لیگ (ن) ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہوں پر آگے لے کر جارہی ہے،ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت اور ان میں شعور اجاگر کرناہے کہ وہ فیصلہ کرسکیں کہ کس کا چناؤ اْن کے حق میں بہترہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ڈی جی خان کو لاہور کے برابر لارہے ہیں۔

وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے یہ بات پیر کو یونین کونسل غازی غربی کے علاقہ رکھ چھا ؤنی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے کہی۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مختلف عہدیداروں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) لغاری گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک میں حقیقی مثبت تبدیلی لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس سے محروم ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقوں، بستیوں اور دوردراز دیہاتوں میں گیس فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار فاروق احمد خان لغاری نے ڈی جی خان میں گیس پہنچائی ہم گیس سے محروم علاقوں میں گیس پہنچائیں گے۔ گھر گھر بجلی کی سہولت دیں گے اورملک بھر میں سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے۔ حکومت نے عوام کی حالت بہتر کرنے کا تہیہ کررکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ عام انتخابات میں اپنی ساڑھے4سالہ کارکردگی پر ووٹ مانگیں گے۔ عوام باشعور ہے وہ اپنے ووٹ کا حق کارکردگی کی بنیاد پر استعمال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے سو فیصد زیادہ اختیارات ملنے کے باوجود ذوالفقار کھوسہ اور دوست محمد کھوسہ نے ایک پائی کا کام نہیں کیا اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کام ہے کہ ممبر ان اسمبلی منتخب ہوکرعوام کے مسائل حل کریں اور سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہماری طاقت ہیں ہم بھی ان کی خدمت اور مسائل کے حل کے لئے تن من دھن کی بازی لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لغاری گروپ نے ہمیشہ ڈی جی خان کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ ہم نے چار سال کے مختصر عرصہ میں سڑکوں، سیوریج ، گیس اور بجلی کے لاتعدادمنصوبے مکمل کروادئیے ہیں۔ عوام نے موقع دیا اور اگلے الیکشن میں کامیابی دی تو سڑکوں اور بجلی کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ ہماری اولین ترجیح سکولوں اور ہسپتالوں کے معیارکو بہتر بناناہوگی۔ انہوں نے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کرتاہوں ، ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ ان کے علاقوں کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں۔