دہشتگردی کے خلاف جتنا کام ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا: بلاول بھٹو

 
0
24911

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس
پشاورجولائی 14(ٹی این ایس): پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ دہشت گردی کے خلاف جتنا کام ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ مستونگ کے شہدا سے اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے کہاکہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کا سلسلہ پھر سےسامنے آرہا ہے، افسوس کی بات ہے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا آج تک حل نہیں نکال سکے، دہشت گردی کے خلاف جتنا کام ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھاکہ انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں اور مختلف مقامات پر روکا جارہا ہے، کارکنوں پر وفاداری تبدیل کرنے کے لئے دباؤ ڈالا گیا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مشکل حالات کا سامنا ہے اور آگے بھی کرتی رہی گی،ان تمام حالات کے باوجود الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابات سے قبل دھاندلی کی کوشش کی جارہی ہے لیکن پیپلزپارٹی میدان میں کھڑی ہے، انتخابات کا کبھی بائیکاٹ نہیں کرے گی، مطالبہ ہے کہ بروقت الیکشن کرائے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہارون بلور کی شہادت کے بعد اظہار یکجہتی کے طور پر جلسہ ملتوی کیا اور مستونگ میں دھماکے کے باعث مالاکنڈ میں جلسہ منسوخ کردیا ہے، اب مالاکنڈ جاؤں گا اور کارکنوں سےملاقات کروں گا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ اداروں کو مضبوط نہیں بنائیں گے تو عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکیں گے، جماعتوں اور اداروں کو ایک پیج پر لانے کے لیے پارلیمنٹ کو استعمال کرنا چاہیے، اقتدار میں آئے تو پارلیمان کے فورم سے سب کو ایک پیج پر لائیں گے۔