ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے غیر مسلم برادریوں کی شاندار خدمات ہیں،گورنرخیبرپختونخوا

 
0
327

پشاوردسمبر 20(ٹی این ایس)گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ غیر مسلم برادریاں وطن عزیز کا اہم حصہ ہے ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر شعبہ زندگی میں ان کی شاندار خدمات ہیں، بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انکی خدمت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ان خیالات کا اظہارگورنرنے منگل کے روز ایڈورڈزکالج پشاورمیں کرسمس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنرنے اس موقع پر کوئٹہ چرچ حملے کی شدید مذمت کی اورکہاکہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں درندے ہیں۔ تقریب کے دوران چرچ میںجاں بحق افراد کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی،

تقریب میں دوسروں کے علاوہ پرنسپل ایڈورڈزکالج پروفیسر بریگیڈئر(ر) ڈاکٹرنیرفردوس ، بشپ ہمفری سرفرازپیٹرز، سکھ اورہندوکمیونٹی کے نمائندوں کے علاوہ عیسائی برادری کی کثیرتعدادبھی اس موقع پر موجود تھی۔اس موقع پر کرسمس ٹری کوروشن کرکے کرسمس کاکیک کاٹا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں جغرافیائی محل وقوع اور آب وہواسمیت قدرتی وسائل اور جفا کش عوام کی صورت میں ہر طرح کے وسائل دستیاب ہیںجن کی بدولت مختصر عرصے میں یہ ترقی کے منازل طے کر رہا ہے اور تمام تر مشکلات کے باوجود وطن ترقی وخوشحالی کا سفرطے کر رہا ہے اور اس سفر میں اقلیتی برادری سمیت پوری قوم ایک ساتھ ہے۔

گورنرنے مسیحی برادری کوکرسمس کی مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ ملکی عیسائی برادری پاکستان سے محبت کرتی ہے اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں اپنابھرپورکرداراداکررہی ہے۔ بشپ ہمفری سرفرازپیٹرز نے اپنے خطاب میں ملک و قوم کی امن و سلامتی کی دعا کرتے ہوئے مذہبی رواداری اور امن و محبت کے ماحول کو برقرار رکھنے پر زور دیا ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی ہے اور مذہبی تقریبات پر کسی قسم کی پابندی نہیں اور ہم سب پاکستانی قوم ہیں اور ایک ہیں۔