پشاور (ٹی این ایس) پنجاب سے خیبر پختونخوا گندم اور آٹے کی ترسیل میں رکاوٹیں – وفاقی حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل
سیکرٹری خوراک حکومتِ خیبر پختونخوا کی جانب سے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق، حکومتِ پاکستان کو ایک اہم خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں پنجاب کی بعض چیک پوسٹس پر گندم اور آٹے کی بین الصوبائی ترسیل میں غیر قانونی رکاوٹوں، ضبطگی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی نشاندہی کی گئی ہے۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا گندم کی کمی والا صوبہ ہے اور اپنی ضروریات کے لیے بڑی حد تک پنجاب پر انحصار کرتا ہے۔ ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث صوبے میں آٹے کی قلت اور قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جو خصوصاً رمضان جیسے مہینوں میں غذائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن رہا ہے۔
سیکرٹری خواراک نے آئینی طور پر آزاد بین الصوبائی تجارت کی ضمانت کے تحت مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب میں متعلقہ حکام کو فوری اور واضح ہدایات جاری کی جائیں تاکہ گندم اور گندم سے بنی اشیاء کی ترسیل میں کسی قسم کی غیر قانونی یا غیر مجاز رکاوٹ باقی نہ رہے۔













