رحیم یارخان (ٹی این ایس): اینٹی ریپ ایکٹ 2021 پر تفتیشی افسران کے لیے خصوصی لیکچر
معروف قانون دان سردار ظفر خان ترین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی جانب سے قانونی آگاہی فراہم کی گئی
خواتین کے اغوا، جنسی زیادتی اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی روک تھام اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ڈی پی او آفس رحیم یار خان کے میٹنگ روم میں تفتیشی افسران کے لیے خصوصی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔
معروف قانون دان سردار ظفر خان ترین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے ایس پی انویسٹی گیشن سید جمشید علی شاہ کی موجودگی میں تفتیشی افسران کو اینٹی ریپ ایکٹ 2021 کے حوالے سے لیکچر دیا۔ اس موقع پر دیگر وکلا بھی موجود تھے۔
لیکچر کا مقصد تفتیشی افسران کو خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم سے متعلق مقدمات میں اینٹی ریپ ایکٹ 2021 اور اس کے تحت قانونی تقاضوں سے آگاہ کرنا تھا۔
خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی روک تھام، متاثرین کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے قانون کے مطابق مؤثر تفتیش اور کارروائی کی اہمیت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔














