امریکی صدر کا شام میں مزید کچھ عرصے کے لیے فوجی تعینات رکھنے کا فیصلہ

 
0
1487

واشنگٹن،05اپریل(ٹی این ایس)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شام میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی مزید کچھ عرصے کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن وہ ان کی جلد واپسی بھی چاہتے ہیں ۔امریکی ٹی وی کے مطابق یہ بات امریکا کے ایک سینئر عہدہ دار نے ایک بیان میں کہی۔ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے شام سے امریکی فوجیوں کے فوری انخلا کی منظوری نہیں دی ۔ وہ داعش کے جنگجوؤں کی شکست کو یقینی بنانا چاہتے ہیں لیکن وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ خطے کے ممالک اور اقوام متحدہ شام میں استحکام میں مدد دیں ۔اس عہدہ دار کے بہ قول ہم فوری طور پر انخلا کرنے والے نہیں لیکن صدر نے ایک طویل مدت کے لیے وہاں فوجی تعینات رکھنے کی تجویز کی حمایت بھی نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ چند ے قبل ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ شام میں موجود امریکی فوجیوں کا جلد انخلا چاہتے ہیں ۔