ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے فرانسیسی بارڈر کنٹرول میں چھ ماہ کی توسیع

 
0
353

برسلز،05اپریل(ٹی این ایس)یورپی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ یورپ کے پاسپورٹ فری شینگن زون میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے باعث فرانسیسی حکومت نے ملکی سرحدوں کی نگرانی کی مدت میں ایک مرتبہ پھر توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی کمیشن کی ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ رواں ہفتے فرانس کی طرف سے یورپی کمیشن کو اس حوالے سے ایک نوٹیفیکیشن موصول ہوا تھا،اس نوٹس میں فرانسیسی حکومت نے کہاکہ سرحدی نگرانی کی مدت میں مزید توسیع کے بعد اب رواں برس اکتوبر تک ملکی سرحدوں کی نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔نومبر 2015ء میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں داعش کی جانب سے کیے گئے ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد ملکی سرحدوں کی نگرانی کا اعلان کیا گیا تھا۔ پیرس حملے کے نتیجے میں ایک سو تیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فرانس میں دہشت گردی کے واقعات میں تسلسل کی وجہ سے پیرس حکومت کی جانب سے ہر چھ ماہ بعد بارڈر کنٹرول‘ میں توسیع کا اعلان کیا جا رہا ہے۔