چوتھا صنعتی انقلاب دستک دے رہا ہے، پتھر ہٹانے اور پہاڑ ہلانے کا وقت آچکا‘ شاہد خاقان عباسی

 
0
350

بیجنگ،10اپریل(ٹی این ایس):وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چوتھا صنعتی انقلاب دستک دے رہا ہے، پتھر ہٹانے اور پہاڑ ہلانے کا وقت آچکا، ورلڈ ٹریڈ آرڈر ٹوٹ رہا ہے، ایشیا ء مستقبل کی تجارت کا مرکز ہوگا،بر اعظم ایشیا ء دنیا کی وسیع تر آبادی، رقبے اور وسائل کا حامل ہے، ایشیا ء کوعالمی اقتصادی نظام وضع کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرنا ہوگا، خطے کی ترقی اورفاصلے سمیٹنے میں سلک روٹ کا اہم کردار ہے، پاکستان کی شرح نمو سالانہ 6 فیصد کے حساب سے ترقی کر رہی ہے،2050 میں پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا ، چین اور پاکستان آئرن برادر ہیں،پاک چین اقتصادی راہداری ،روڈ اینڈ بیلٹ کا فلیگ شپ منصوبہ باہمی تعاون اور بے مثال ترقی کا شاندار نمونہ ہے، سی پیک سے لوگوں کو ملازمت ملی، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ عالمی اہمیت اختیار کر گیا ہے،چین عالمی تجارت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، با ؤفورم دنیا میں ایشیا ء کا مقام بلند کرنے کے لیے نمایاں پلیٹ فارم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین میں با ؤفورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شی جن پنگ کو دوبارہ صدر بننے پر مبارکبا د دی اور چینی حکومت اور عوام کی جانب سے والہانہ مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شی جن پنگ کی سربراہی میں چین تیزی سے ترقی کر رہا ہے، چین کی رہنمائی میں پاکستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا۔ ہائی ویز، موٹر ویز پر صنعتی منصوبے سی پیک کا اہم حصہ ہیں، ،چوتھا صنعتی انقلاب دستک دے رہا ہے،ہماری دلی خواہش ہے کہ چین کے ساتھ تعاون مزید بڑھے۔وزیراعظم نے کہا کہ انسان آج ٹیکنالوجی کی حدوں کو چھو رہا ہے، بائیو ٹیکنالوجی نئی دنیا تخلیق کر رہی ہے۔روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ نے زندگی کو نئی جہت دی، سائنسی ایجادات نے گورننس اور بزنس کے تقاضوں کو بھی بدل دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شرح نمو سالانہ 6 فیصد کے حساب سے ترقی کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے2050ء میں پاکستان کے دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے شاندار مواقع پیش کرتا ہے اور علی بابا کمپنی بھی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی خواہش مند ہے۔انہوں نے کہا کہ چین عالمی تجارت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، خصوصا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ عالمی اہمیت اختیار کر گیا ہے،دنیا تسلیم کررہی ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ اقدام نسلوں کی ترقی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک میں شامل گوادر بندرگاہ عالمی تجارتی مرکز بننے والی ہے جس سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور خوشحالی امن اور برداشت کو فروغ دیتی ہے اور چین، پاکستان اور افغانستان کا سہہ فریقی فریم ورک اسی سلسلے کی کڑی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ایک چینی کہاوت سناتے ہوئے کہا کہ ’’پہاڑ ہلانے سے پہلے پتھر ہٹانا ہوتے ہیں‘‘، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ’پتھر ہٹانے اور پہاڑ ہلانے کا وقت آچکا ہے۔بر اعظم ایشیا ء دنیا کی وسیع تر آبادی، رقبے اور وسائل کا حامل ہے، ایشیا ء کوعالمی اقتصادی نظام وضع کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرنا ہوگا، خطے کی ترقی اورفاصلے سمیٹنے میں سلک روٹ کا اہم کردار ہے۔