مجھے عدالتوں میں جانے میں کوئی تکلیف نہیں ٗملک آؤں گا اور عدالتوں کا سامنا کروں گا ٗپرویز مشرف 

 
0
315

راولپنڈی اپریل 28(ٹی این ایس)سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مجھے عدالتوں میں جانے میں کوئی تکلیف نہیں ہے، میں ملک آؤں گا اور عدالتوں کا سامنا کروں گا۔راولپنڈی میں وکلا سے ٹیلی فونک خطاب کے دوران پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان کی تمام عدالتوں، آئین اور قانون کی عزت ہونی چاہیے، مجھ پر سیاسی مقدمے قائم کیے جارہے ہیں، مجھے عدالتوں میں جانے میں کوئی تکلیف نہیں ہے، میں ملک آؤں گا اور عدالتوں کاسامنا کروں گا۔سابق صدر نے کہا کہ آج اگر ملک کا موازنہ 2007 سے کیا جائے تو آج پاکستان رو رہا ہے کہ آؤ مجھے بچاؤ، پاکستان کے تھانیداروں نے ملک کا ستیاناس کر کے رکھ دیا ہے، ملک میں غریب کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اس کو صرف کچلا جا رہا ہے، ڈر ہے کہ کہیں وہ قانون اپنے ہاتھ میں نا لے لیں، ہمارے حکمرانوں نے ملک کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے، 2007 میں پاکستان ہر لحاظ سے عروج کی جانب جا رہا تھا،پاکستان کی حالت کو دیکھتا ہوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے۔پرویز مشرف نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ میرے بیرون ملک اثاثے اور بینک اکاؤنٹس ہیں، میری منی ٹریل کی بات کرتے ہیں جو کہ صفر ہے، میں امیر شخص ہوں لیکن محلوں میں نہیں رہتا۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو وقت کے بہاؤ کو سمجھتا ہے اور ملک کی بہتری لیے اس کے آگے بند باندھتا ہے، میں پاکستان کیلئے جان کی بازی لگانے کیلئے تیار ہوں، مجھے اپنے اوپر مکمل یقین ہے کہ ملک کے لیے بہترین کرسکتا ہوں۔