انتخابات کا شیڈول رواں ماہ کے آخر تک جاری ہونے کا امکان

 
0
313

حلقہ بندیوں اور الیکٹورل رولز کے حوالے سے کچھ دنوں میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا ٗحکام الیکشن کمیشن 
اسلام آباد مئی 2(ٹی این ایس)الیکشن کمیشن آف پاکستان رواں ماہ کے آخر میں عام انتخابات کا شیڈول اور انتخابات کے حوالے سے دیگر اہم سرگرمیوں کی معلومات جاری کریگا۔ای سی پی کے سینئر حکام نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ الیکشن کا شیڈول کو 28 یا 29 مئی کو جاری کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کا شیڈول جاری کیے جانے سے ایک ہفتے قبل صدر ممنون حسین ای سی پی سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کریں گے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ انتخابات ایکٹ کے سیکشن 57(1) کے تحت الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد صدر مملکت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہیں جبکہ اس کی ذیلی شق 2 کے تحت اعلان کے 7 دن کے اندر کمیشن نوٹیفیکیشن جاری کریگی اور اپنی ویب سائٹ پر شائع کرے گی جس میں تمام ووٹرز کو اپنے حلقے کے نمائندے کو چننے کا کہا جائیگا۔ای سی پی حکام نے بتایا کہ حلقہ بندیوں اور الیکٹورل رولز کے حوالے سے کچھ دنوں میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو بھی حلقہ بندیوں کے نوٹیفیکیشن جاری کیے جانے کے فوری بعد تعینات کردیا جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کو عدلیہ سے چنا جائے گا جس کے لئے عدالت عالیہ سے فہرست موصول ہوچکی ہے جبکہ ڈی آر اوز اور آر اوز کو رواں ماہ 5 روز کی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔