شکیل آفریدی کے معاملے پر کوئی کسی بھی قسم کی ڈیل نہیں ہورہی: ترجمان دفتر خارجہ

 
0
453

اسلام آباد مئی 3(ٹی این ایس): ترجمان دفتر خارجہ نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کے معاملے پر کسی بھی قسم کی ڈیل کی تردید کردی۔ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں 33 سال قید کی سزا پانے والے شکیل آفریدی کو گزشتہ دنوں سیکیورٹی خدشات پر پشاور جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔دوسری جانب روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سی آئی اے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پشاور جیل سے فرار کرانا چاہتی تھی لیکن بروقت اطلاع ملنے پر آئی ایس آئی نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ جمعرات کے روز دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نےبتایا کہ شکیل آفریدی کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہورہی اور یہ معاملہ وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں میموگیٹ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی اے سے سابق سفیر حسین حقانی کی پاکستان حوالگی کے بارے میں پوچھا تھا جس پر ڈی جی ایف آئی اے نےبتایا تھا کہ حسین حقانی کی حوالگی پر امریکی حکام نے کہا ہےکہ ہمارا ایک بندہ بھی آپ کے پاس ہے۔مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھاکہ پاکستان نے کشمیر میں بھارتی مظالم کا معاملہ او آئی سی رابطہ گروپ میں اٹھایا جب کہ سیکریٹری خارجہ نےواضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے۔افغان مہاجرین پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی دہشت گردوں کو چھپنے کا موقع دیتی ہے، افغان مہاجرین کی واپسی صرف پاکستان کی نہیں عالمی برادری کہ مشترکہ ذمہ داری ہے۔ترجمان نےکہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو تمام بنیادی حقوق دینے کے لیے کام ہورہا ہے، توقع ہے اصلاحات کا عمل موجودہ حکومت کے دورمیں ہی مکمل ہوجائے گا۔