سعودی عرب میں 34 ارب 60 کروڑ ڈالرز کی لاگت سے معیارِ زندگی پروگرام کا آغاز

 
0
302

ریاض مئی 4(ٹی این ایس)سعودی عرب کی اقتصادی اور ترقیاتی کونسل نے معیارِ زندگی پروگرام 2020 کا آغاز کر دیا ہے۔اس پر 34 ارب 60 کروڑ ڈالرز ( 130 ارب ریال ) لاگت آئے گی۔معیار زندگی پروگرام بھی سعودی عرب کے معیشت کو متنوع بنانے اور تیل پر معیشت کا انحصار کم کرنے کے لیے جاری کردہ ویڑن 2030ء کا حصہ ہے۔ مملکت کی وزارتی کونسل نے اس کی منظوری دی تھی۔ اس کا بڑا مقصد ثقافتی ، تفریحی اور کھیلوں کے شعبوں میں ایسی سرگرمیوں کے نئے مواقع مہیا کرنا ہیں جن سے شہریوں کا معیار زندگی بلند ہو ،سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو اور اقتصادی سرگرمیوں میں بھی تنوع آئے۔عرب ٹی وی کے مطابق اس کے علاوہ خدمات کی فراہمی اور انفر ااسٹرکچر کی تعمیر کے لحاظ سے سعودی عرب کے تین شہروں کا معیار بہتر بنانا ہے تاکہ ان کا شمار دنیا کے جدید ترقی یافتہ ایک سو شہروں میں ہو۔سعودی ولی عہد اور اقتصادی وترقیاتی کونسل کے چئیرمین شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں سے معیار زندگی پروگرام شروع کیا گیا ہے اور اس کی منصوبہ بندی میں دراصل ان ہی کا ویڑن کارفرما ہے۔وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نگرانی میں سعودی معیشت کو مزید خوش حال اور سعودی معاشرے کو مزید توانا اور ترقی کرتا ہوا بنانا چاہتے ہیں ۔معیار زندگی پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کی کل لاگت کا تخمینہ 130 ارب ریال لگایا گیا ہے۔اس میں سے ساڑھے 74 ارب ریال کی براہ راست سرمایہ کاری کی جائے گی۔اس کا ایک مقصد متعلقہ شعبوں میں غیر تیل خام قومی پیداوار میں 2020ء تک 20 فی صد سالانہ اضافہ کرنا ہے۔اس کے علاوہ آیندہ دو سال میں متعلقہ شعبوں میں مقامی مواد کا حصہ 67 فی صد ہوگا۔اس پروگرام کے تحت شہریوں کی فلاح وبہبود کے لیے مختلف نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے جس سے انھیں جدید شہری سہولتوں کی دستیابی کے علاوہ ملازمتوں کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔