حوثی ملیشیا کے دس مستقل فیلڈ کمانڈر گرفتار ،100ایرانی ماہرین کی موجودگی کا انکشاف

 
0
325

صنعاء مئی 4(ٹی این ایس)یمنی فوج کے بریگیڈئیر عبد ہ مجالی نے کہاہے کہ یمنی فوج نے گذشتہ چند روز کے دوران شمالی صوبے صعدہ میں ایک سو سے زیادہ ایرانی ماہرین کی سرگرمیوں کی نگرانی کی ہے ۔وہ حوثی ملیشیا کو لاجسٹیکل اور ٹیکنیکل امداد مہیا کرنے کے علاوہ بیلسٹک میزائلوں سمیت درمیانے اور بھاری ہتھیار چلانے کی تربیت دے رہے ہیں۔یہ ہتھیار صعدہ شہر اور اس کے نزدیک واقع غاروں کے اندر نصب کیے گئے ہیں ۔حوثی ملیشیا کے دس مستقل فیلڈ کمانڈروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے،فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی فوج کے بریگیڈئیر عبد ہ مجالی نے کہاکہ حوثی ملیشیا نے حال ہی میں ایرانی ماہرین کو بڑی تعداد میں صعدہ بھیجنا شروع کیا ۔ یہ صوبہ باغیوں کے لیڈر عبدالملک الحوثی کی جائے پیدائش ہے اور ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اسی صوبے میں کہیں غاروں میں روپوش ہیں ۔صعدہ شہر ہی میں حوثی ملیشیا نے یمنی فوج کے اسلحہ ڈپوؤں سے ستمبر 2014ء میں بغاوت برپا کرنے کے بعد چھینے گئے ہتھیار ذخیرہ کررکھے ہیں ۔اب یمنی فوج نے حوثی باغیوں کے خلاف پیش قدمی کرتے ہوئے صعدہ کا پانچ اطراف سے محاصرہ کر لیا ہے اور وہ ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی تیاریوں میں ہے۔یمنی فوج کے بریگیڈئیر عبد ہ مجالی نے کہاکہ حوثی ملیشیا کے دس مستقل فیلڈ کمانڈروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔