دہشت گردی کی منصوبہ بندی، انڈونیشیا میں داعشی جنگجو کو سزائے موت

 
0
1469

جکارتہ جون23 (ٹی این ایس)انڈونیشیا کی ایک عدالت نے 2016 میں دارالحکومت جکارتہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے میں ملوث ایک داعشی جنگجو کو سزائے موت سنائی ہے۔ جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک میں کسی داعشی جنگجو کو سزائے موت سنائے جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔امریکی خبر رساں اداروں کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت میں قائم عدالت نے 2016میں خود کش حملوں کی منصوبہ بندی میں مدد کرنے والے داعشی جنگجوامان عبدالرحمان کو چار دیگر ملزمان سمیت سزائیں سنائی ہیں۔ اس حملے میں کم سے کم چار افرد ہلاک ہوگئے تھے۔ملزم کی جانب سے عدالت کی طرف سے سنائی گئی سزا پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا۔خیال رہے کہ جنوری 2016 کو انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں اسٹار بکس ہوٹل، ایک پولیس چوکی، سفارتی کالونی اور اقوام متحدہ کی ایجنیسیوں کے دفاتر میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے تھے جن میں کم سے کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔انڈونیشیا کو کئی برسوں سے مسلح بغاوت اور دہشت گردی کا سامنا ہے۔ سنہ 2002 میں دہشت گردی کے واقعات کے اعتبار سے سب سے خطرناک سال قرار دیا جاتا ہے۔ اس سال دہشت گردی کے نتیجے میں200 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔