ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کی عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد ،مودی سرکار پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کے ساتھ دوستی اور خوشگوار تعلقات قائم کرنے میں پہل کرے:صدر نیشنل کانفرنس

 
0
321

نئی دہلی اگست14(ٹی این ایس)نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مقبوضہ جموں و کشمیر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ہندوستانی حکمران نریندرا مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ہند کو پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کے ساتھ دوستی اور خوشگوار تعلقات قائم کرنے کے لئے پہل کرنی چاہئے اور ذمہ دار لوگوں کو غیر ذمہ دارانہ بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات میں بہتر لاکر تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں، دونوں ممالک کی طویل دشمنی کی چکی میں کشمیری عوام پستے چلے جارہے ہیں،جموں وکشمیر کے لئے ہندوستانی حکومت کا مرکزی امداد ی پیکیج ، مراعات اور دیگر پروجیکٹ نہ تو مسئلہ کشمیر کا حل ہوسکتے ہیں اور نہ ہی عوام کے لئے باعث راحت ، کشمیر کا سیاسی حل ہوکر ہی کشمیری عوام کو اطمینان، سکون اور پہچان حاصل ہوگی۔انہوں نے دونوں ملکوں کی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے عمران خان اور نریندرا مودی کے بیانات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یوم آزادی پر حکومت ہند کو وہ وعدے پورا کرنے کے لئے اقدام کرنے چاہیں جو پنڈت نہرو، مہاتما گاندھی اور ہندوستانی قیادت نے کشمیری عوام کے ساتھ کئے ہیں،مودی سرکار کو سری نگر لال چوک میں جواہر لال نہرو کی تقریر کے الفاظ کو از سر نو یاد کرنا پڑے گا اور جموں وکشمیر کو دی گئی اندرونی خودمختاری کو بحال کرنا پڑے گا جو کہ کشمیری کا حق ہے۔