رجسٹرار سپریم کورٹ کا جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو ہائیکورٹ کے دیگر ججز کی رہائش گاہوں کے اخراجات کی دستاویزات فراہم کرنے سے انکار

 
0
642

اسلام آباد ،اگست 29 (ٹی این ایس): رجسٹرار سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو ہائیکورٹ کے دیگر ججز کی رہائش گاہوں کے اخراجات کی دستاویزات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے آئینی پٹیشن دائر کر رکھی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ ان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں زیرسماعت ریفرنس میں اپنے دفاع کے لیے یہ دستاویزات اشد ضروری ہیں۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اس سے قبل سپریم جوڈیشل کونسل میں اس حوالے سے دو پٹیشنز دائر کی تھیں تاہم دونوں ہی مسترد کر دی گئیں۔ان میں بھی جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استدعا کی تھی کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو حکم دیا جائے کہ وہ ان کے خلاف ریفرنس سے متعلقہ مواد فراہم کرے تاکہ وہ اپنا دفاع تیار کر سکیں۔انہوں نے سپریم کورٹ سے یہ استدعا بھی کی تھی کہ اس پٹیشن پر فیصلہ آنے تک سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی موخر کی جائے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ کی طرف سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی پٹیشن پر لگائے گئے اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ ”پٹیشنر نے دیگر مناسب فورمز سے رابطہ نہیں کیاجو اس معاملے میں انہیں ریلیف دے سکتے ہیں اور پٹیشنر کی طرف سے ان فورمز سے رابطہ نہ کرنے کا کوئی جواز بھی پیش نہیں کیا۔ اس کے علاوہ پٹیشن کے ساتھ جو سرٹیفکیٹ فراہم کیا گیا ہے وہ سپریم کورٹ رولز آف 1980کے آرڈرXXVرول 6پر پورا نہیں اترتا۔معلوم ہوا ہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی پٹیشن واپس کیے جانے کے فیصلے کو آج سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔