لاہور نومبر 07 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت کے سرحدی علاقوں میں فصلو ںکی باقیات جلانے اور ہوا کا رخ تبدیل ہونے سے لاہور اور اس کے گرد و نواح میں سموگ میں اچانک اضافہ ہوا اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رات ہونے والی بارش سے صورتحال بہت بہتر ہے،رات گئے تک سموگ کی صورتحال کو خود مانیٹر کرتا رہا اور متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو اس ضمن میں فوری طور پر ضروری ہدایات جاری کیں۔
شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ ماحولیات ، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی آلودگی اورسموگ پر قابو پانے کیلئے مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آلودگی پھیلانے والی صنعتوں، گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سموگ کے اثرات سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ضلع مٹیاری کے علاقے نیو سعید آباد کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانو ںکے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے المناک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں جاںبحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔













