سی ڈی اے نے پارک انکلیو کے دونوں فیزز کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا

 
0
217

اسلام آباد یکم مارچ 2020 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے سلسلے میں سی ڈی اے پارک انکلیو ہاؤسنگ سکیم کے فیزI- اورII میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا رہا ہے۔اس سلسلے میں سی ڈی اے نے پارک انکلیو کے دونوں فیزز کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بنانے کے لیے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن اور تعمیراتی نگرانی کی کنسلٹنسی سروسز حاصل کرنے کے لیے بذریعہ اخبارات تجاویز طلب کی ہیں۔
پارک انکلیو میں انفراسٹرکچر نیٹ ورک کی ڈیویلپمنٹ کے بعد پارک انکلیو میں ترقیاتی سرگرمیاں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جس کے باعث اس سکیم کے الاٹیوں نے اپنے پلاٹوں پر گھروں کی تعمیر شروع کر دی ہے اس لیے سی ڈی اے نے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لیے ابتدائی کام شروع کر دیا ہے تاکہ اپنے پلاٹوں پر تعمیر کرنے والے الاٹی گھروں کی تکمیل کے بعد رہائش پذیر ہوں تو سیوریج کے پانی کو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سے ٹریٹ کیا جائے تاکہ یہ پانی آبی اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث نہ بن سکے۔ اس سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سے پارک انکلیو سے آنے والے سیوریج کے پانی کی کنٹرولڈٹریٹمنٹ کی جائے گی تاکہ بہنے والے پانی سے زہریلے مادوں کو ختم کیا جا سکے۔
بذریعہ اخبارات سی ڈی اے نے ایسی نامور کنسلٹنسی فرموں سے تجاویز طلب کی ہیں جو کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل میں رجسٹرڈ ہوں گی تاکہ پارک انکلیو کے فیزI- اور II میں سٹیٹ آف دی آرٹ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے کے لیے تفصیلی ڈیزائن اور تعمیراتی کام کی نگرانی کے لیے کنسلٹینسی سروسز حاصل کی جا سکیں۔پیشکشیں دینے والی فرموں کے لیے یہ ضروری ہو گا کہ وہ اس طرح کے منصوبوں کا تجربہ رکھتی ہوں جس کے لیے وہ گذشتہ دس سالوں میں اپنے کئے گئے ایسے منصوبوں کی تفصیلات بشمول لاگت اور کلائنٹ محکمہ کی طرف سے کارکردگی کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کروائیں گی۔مزید برآں اس عمل میں صرف انہیں فرموں کو پیشکشیں زیر غور لا ئی جائیں گی جو مطلوبہ تجربہ رکھتی ہوں جس کی جانچ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی گائیڈ لائنز کے مطابق کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سی ڈ ی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے ماحول کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول مہیا کیا جا سکے۔ اس ضمن میں جہاں سی ڈی اے نئے سیکٹروں میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کو یقینی بنا رہا ہے وہاں سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی ہدایت پر اسلام آباد کی پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائیٹز کو بھی اس بات کا پابند بنایا جا رہا ہے کہ وہ اپنی ہاؤسنگ سکیموں میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کریں۔ سی ڈی اے نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کو فزیبلٹی کے مطابق باہم مل کر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی صورت میں سی ڈی اے کے پاس STPکے انجینئرنگ ڈیزائن جمع کرانے کی سہولت بھی دی ہے۔ علاوہ ازیں سی ڈی اے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کو STPکے لیے تمام مطلوبہ تکنیکی معاونت کی سہولت بھی دے گا۔