اسلام آباد کے مارگلہ ٹاؤن فیزI- اور IIکے درمیان کورنگ روڈ کی کشادگی اور امپروومنٹ کے منصوبے کی پیشکشوں کو کھولنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے

 
0
279

اسلام آباد فروری 29 (): اسلام آباد کے مارگلہ ٹاؤن فیزI- اور IIکے درمیان کورنگ روڈ کی کشادگی اور امپروومنٹ کے منصوبے کی پیشکشوں کو کھولنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی ہدایت کی روشنی میں اس منصوبے کے لیے رواں ماہ بذریعہ اخبارات پیشکشیں طلب کی گئی تھیں جس کے نتیجے میں مختلف فرموں نے اپنی پیشکشیں سی ڈی اے کو جمع کرائی تھیں۔ مارگلہ ٹاؤن فیزI- اور II کے درمیان2.6کلومیٹر طویل کورنگ روڈ کی کشادگی اور امپروومنٹ پر آٹھ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔اگلے مرحلے میں موصول ہونے والی پیشکشوں کی ٹیکنیکل ایولیوایشن اور فنانشل بڈز کی مکمل جانچ پٹرتال اور اس کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد اس منصوبے کے تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ شعبے کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام قواعد و ضوابط کو فوری مکمل کر کے مارچ کے مہینے میں اس پر کام کے آغاز کو ممکن بنائیں تاکہ مارگلہ ٹاؤن فیزI- اور II کے مکینوں کو یہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
واضح رہے کہ پچھلے کئی سالوں سے کورنگ روڈ کی حالت نہایت خستہ تھی جس کے باعث گردو نواح بالخصوص مارگلہ ٹاؤن کے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے مکینوں کے اس دیرینہ مطالبے پر فوری کاروائی کرتے ہوئے نہ صرف قواعد و ضوابط کو مکمل کیا بلکہ رواں سال جنوری کے مہینے میں سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کے 46 ویں اجلاس میں مارگلہ ٹاؤن فیز I- اورII کے درمیان کورنگ روڈ کی کشادگی اور امپروومنٹ کے لیے 101.182ملین روپے کی منظوری بھی دی تھی جس کے مطابق اس منصوبے میں الیکٹریکل اور مکینیکل کے کام کے علاوہ سافٹ لینڈ سکیپنگ بھی کی جائے گی۔ آٹھ کروڈ روپے کی لاگت سے کورنگ روڈ کی کشادگی اور امپروومنٹ کے علاوہ اس روڈ پر تین کلورٹس بھی تعمیر کئے جائیں گے۔
سی ڈ ی اے انتظامیہ نے متعلقہ شعبے کو ہدایت کی ہے کہ ایک عرصہ سے التواء کے شکار کورنگ روڈ کی کشادگی اور امپروومنٹ کے منصوبے کو چھ ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔