پاکستان حکومت کا محمد یاسین ملک کی صحت کی شدید خراب صورتحال پر اظہار تشویش ، ترجمان دفتر خارجہ

 
0
271

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (ٹی این ایس): پاکستان حکومت نے آل پارٹیز حریت کانفرنس ( اے پی ایچ سی ) کے رہنما محمد یاسین ملک کی صحت کی شدید خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے جو تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ اتوار کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کشمیری رہنماء محمد یاسین ملک کی جانب سے یکم اپریل سے غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال کے اعلان پر شدید تشویش ہے۔ محمد یاسین ملک 30 سال پرانے ایک کیس میں خود پر چارج شیٹ کے بھارتی فیصلے کے خلاف بھوک ہڑتال پر جا رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری سیاسی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو دبانے کے بھارتی حکومت کے اقدامات قابل مذمت ہیں۔ عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کے اداروں اور بین الاقوامی میڈیا کو کشمیری رہنمائوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی رویے کا نوٹس لینا چاہئے ، کشمیری قیادت کئی دہائیوں سے آزادی کی پرامن جدوجہد کی قیادت کررہے ہیں۔ بیان کے مطابق بھارت کواس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ کشمیری رہنمائوں پر مظالم سے کشمیری عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے تنازعے کا صرف ایک ہی حل ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔ واضح رہے کہ یاسین ملک شدید بیمار ہیں جنہیں بین الاقوامی کنونشنز کے مطابق طبی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹاڈا کے کالے قانون کے تحت بی جے پی کی حکومت کی جانب سے کیس کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے کیونکہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کے حوالے سے جیلوں میں بند کشمیری قیادت کی آواز کو دبانہ چاہتی ہے۔