وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے خاتمہ غربت وسماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس سیلانی موبائل لنگریونٹ کا افتتاح کردیا

 
0
285

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (ٹی این ایس) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے خاتمہ غربت وسماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس سیلانی موبائل لنگر یونٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ یہ موبائل لنگرز شہر کے مختلف مقامات، بس اڈوں، ہسپتالوں اور فیکٹری ایریا اور ریلوے اسٹیشن پرجا کرڈسپوزبل پیکٹ میں بندکھانا تقسیم کریں گے۔ احساس موبائل لنگر یونٹ کا افتتاح وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے خاتمہ غربت وسماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے فیض آباد بس اسٹیشن سے کیا۔ اسدوران صدر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ، یوسف لاکھانی بھی معاون خصوصی کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے خاتمہ غربت وسماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ غریبوں اور محتاجوں کو کھانا کھلانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم کے ”فلاحی ریاست” کے عزم پر قائم رہتے ہوئے یہ لنگر سکیم نہ صرف ضرورت مندوں کو ریلیف فراہم کرے گی بلکہ اس سے پسماندہ اور کم آمدنی والے افراد بھی مستفید ہو سکیںگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں جہاں عوام کو گھروں میں رہنے کی تلقین کی جا رہی ہے جس سے غریب اور نادار طبقہ کی مشکلات اور بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پریشانی کا ادراک کرتے ہوئے موبائل لنگر سکیم کا آغاز کیا گیا ہے جو آج کے وقت کی ضروت بھی ہے۔ اس موقع پر صدر ایس ڈبلیو آئی ٹی یوسف لاکھانی نے احساس سیلانی موبائل لنگر سکیم کے تحت ٹرسٹ کے احساس سے مکمل تعاون کو یقینی بنایا اور اس قومی سطح پر مشترکہ کوشش میں ٹرسٹ کے ساتھ فراخ دلی سے تعاون کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے7 اکتوبر 2019ء کو اسلام آباد میں احساس لنگر سکیم کے تحت پہلے احساس لنگر کا افتتاح کیا تھا۔ اب تک تین لنگر خانے کھولے جا چکے ہیں جن میں سے دو اسلام آباد اور ایک جنوبی پنجاب لودھراں میں شروع کیا گیا ہے۔ یہ سکیم سرکاری و نجی شعبہ کے تعاون سے شروع کی گئی ہے جس کے تحت غریب، نادار اور محنت کش خاص طور پر کھانے پینے سے محروم لاکھوں افراد کو کھانا فراہم کرنے کے لئے آئندہ دو سالوں میں 112سے زیادہ لنگرخانے شروع کیے جائیں گے۔ احساس موبائل لنگر سکیم کا مقصد بنیادی طور پر بے گھر، پسماندہ اور غریب مرد و خواتین کو مفت کھانا فراہم کرنا ہے۔ کم تنخواہ لینے والے دیہاڑی دار مزدور بھی اس سکیم سے مستفید ہوں گے۔واضح رہے کہ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے ساتھ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے ان احساس سیلانی موبائل لنگرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ کورونا وائرس سے بچائو کی حکمت عملی کے تحت زیادہ لوگو ں کے ایک جگہ اکٹھے ہونے کی ممانعت کی جا رہی ہے تاکہ اس وائرس کے پھیلائو کا تدارک کیا جا سکے۔ حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق جاری حکومتی ہدایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے موبائل لنگرز کا اجراء کیا جا رہا ہے۔ ان موبائل لنگرز کے ذریعے روزانہ غریب افراد کو دو وقت کا کھانا مفت فراہم کیا جائے گا۔