پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سندھ میں غذائی بہتری بارے 6 کروڑ یورو کا مالیاتی معاہدہ طے پا گیا

 
0
330

اسلام آبادجولائی21 (ٹی این ایس )حکومت پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سندھ میں غذائی بہتری سے متعلق 6 کروڑ یورو کا مالیاتی معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب جمعہ کو یہاں وزارت خزانہ میں ہوئی۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن شاہد محمود اور پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئس نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ وفاقی خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی تقریب میں موجود تھے۔ معاہدہ کا مقصد حکومت سندھ کی استعداد کار بڑھانا ہے تاکہ وہ غذائیت سے متعلق اپنی کثیر الشعبہ جاتی پالیسی کو مؤثر طریقہ سے نافذ کر سکے۔ اس کے علاوہ سندھ میں غذائی بہتری میں براہ راست معاونت بھی اس معاہدہ کا حصہ ہے۔ پروگرام میں پالیسی و ایڈووکیسی، مقامی شراکت داروں کی استعداد کار، حکومت سندھ کے غذاء سے متعلق معلوماتی انتظامی نظام کو مضبوط بنانا اور آگاہی پیدا کرنا شامل ہے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی جانب سے سندھ میں غذائی بہتری کے حوالہ سے معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ تعاون قائم ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کی پاکستان کے ترقیاتی شراکت دار کے طور پر معاونت کو بھی سراہا۔ اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ اس منصوبہ سے صوبہ سندھ میں غذائی کمی کے مسئلہ پر قابو پانے میں مدد ملے گی