بھارتی افواج ، شہریوں پر فائرنگ ٗ ایک لڑکا شہید ٗ چار زخمی ، آئی ایس پی آر

 
0
426

راولپنڈی جولائی21(ٹی این ایس )بھارتی افواج نے ایک بار پھرسیزفائرکی خلاف ورزی کرتے ہوئے جمعہ کی نماز کیلئے تیاری کر نے والے شہریوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک لڑکا شہید اور چار عام شہری زخمی ہوگئے ٗپاک فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں تین بھارتی فوجی مارے گئے ٗ کئی زخمی اور متعدد بھارتی چوکیاں تباہ ہوگئیں ۔ جمعہ کو آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول کے لیپہ سیکٹر میں گھی کوٹ اور منڈل گاؤں میں لوگوں پر اس وقت فائرنگ کر دی جب وہ جمعہ کی نماز کی تیاری کررہے تھے ۔ پاکستانی افواج نے موثر جواب دیتے ہوئے تین بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور کئی کو زخمی کر دیا ٗ پاکستانی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں تین بھارتی پوسٹیں تباہ ہو گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوج اپنے بے گناہ شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور بھارتی جارحانہ کارروائی کا موثر جواب دیا جائیگا ۔بیان میں کہاگیا کہ بھارت کی افواج کو نقصان کے باوجود انہوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہیں اورواقعہ ان کی جارحیت کی تازہ مثال ہے ۔