کوئٹہ دسمبر 20(ٹی این ایس)سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے خفیہ اطلاع پر قلعہ عبداللہ میں کارروائی کی اور گورنر بلوچستان پر حملے کی کوشش ناکام بنادی۔سرفراز بگٹی نے بتایا کہ گلستان کے علاقے سے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا جن کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے اگست 2015 میں پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا تھا۔
سرفراز بگٹی کے مطابق شجاع خانزادہ کو نشانہ بنانے والے گروپ نے ہی افغانستان میں بیٹھ کر گورنر بلوچستان کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی بنائی جسے ناکام بنا دیا گیا۔وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت افسران کی فول پروف سیکیورٹی کا انتظام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں چرچ کے حملہ کرنے والوں کو بھی ہم جلد پکڑیں گے جبکہ چرچ پر حملے میں ہلاک دہشت گردوں کی تصدیق نادرا سے کرائی گئی تھی جس کے نتائج منفی آئے ہیں ٗ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا تعلق پاکستان سے نہیں تھا۔اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ روز صوبے کے چرچ نمائندگان سے میٹنگ کرکے انہیں سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر یکم جنوری تک مسیحی برادری کی تقریبات صرف چار دن ہوں گی اور اس دوران مرکزی گیٹ بند رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ یکم جنوری تک گرجا گھروں میں صرف چار دن تک تقریبات ہوں گی جس کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں اور کم سے کم چار جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔