اسلام آباد جولائی21(ٹی این ایس ) وزارت ہاؤسنگ اینڈورکس کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین حاجی محمد اکرم انصاری کی زیرصدارت منعقد ہوا ،جس میں متعلقہ افراد نے بھرپور شرکت کی،اجلاس میں دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ پی ایچ اے میں غیر منصفانہ طور پرتقسیم کیے گئے مساجد کے پلاٹس پر بھی بحث کی گئی اور چیئرمین قائمہ کمیٹی حاجی محمد اکرم انصاری سمیت تمام ممبران نے متفقہ طور پر وزارت ہاؤسنگ اور پی ایچ اے کے ذمہ داران کو پابند کیا کہ مساجد کے مسئلے کو باہمی افہام وتفہیم سے حل کیا جائے اور اہل سنت وجماعت بریلوی مکتب فکر کو بھی مساجد کے پلاٹس دیئے جائیں اور ان کے تحفظات دور کیے جائیں۔ جس پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم درونی نے یقین دہانی کروائی کہ اہل سنت کے علماء کرام کو بلا کر انہیں مطمئن کروں گا اور ان کے تحفظات دور کروں گا ۔نظام المساجد کونسل پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ظفراقبال جلالی نے یہ توقع کا اظہار کیا کہ وزارت ہاؤسنگ اور پی ایچ اے کے ذمہ داران اس مسئلے کو جلد از جلد باہمی افہام وتفہیم سے حل کریں گے اور کہا وزارت ہاؤسنگ کی قائمہ کمیٹی نے پی ایچ اے کے تحت مساجد کے پلاٹس کی غیر منصفانہ تقسیم کو مسترد کردیا۔اس قائمہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں بھی تمام ممبران نے متفقہ طور پر کہا تھا کہ مساجد کے چھے پلاٹس ایک ہی مسلک کو دینا سراسر ناانصافی ہے ۔لہذاٰ وزیر موصوف کو اس مسئلے کا فوری حل تلاش کرنا چاہیے ۔













