عامر لیاقت کے نامناسب مذاق پر عدنان صدیقی نے معافی مانگ لی

 
0
754

اسلام آباد مئی 02 (ٹی این ایس): پی ٹی آئی کے رہنما اور ٹی وی شو میزبان عامر لیاقت حسین نے حال ہی میں اپنے شو کے دوران بھارتی اداکارہ سری دیوی اور اداکار عرفان خان کے انتقال کو لے کر عدنان صدیقی کے ساتھ نامناسب مذاق کیا جس پر سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے اور عامر لیاقت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

عامرلیاقت حسین نے حال ہی میں اپنے ٹی وی شو میں اداکار عدنان صدیقی کو مدعو کیا اور اس دوران انہوں نے عدنان صدیقی سے نامناسب مذاق کیا جس پر عدنان صدیقی نے بھی خفگی کا اظہار کیا۔

میزبان عامر لیاقت نے عدنان صدیقی سے کہا کہ ‘آپ جس اداکار کے ساتھ کام کرتے ہیں وہ دنیا سے چلا جاتا ہے، آپ نے سری دیوی کے ساتھ کام کیا وہ بھی چلی گئیں اور آپ نے عرفان خان کے ساتھ کام کیا تھا تو وہ بھی انتقال کرگئے’۔

عامر لیاقت کے نامناسب مذاق پر عدنان صدیقی نے کہا کہ ‘یہ بات آپ کے لیے مذاق ہوگی، البتہ میں ایسا نہیں سوچتا، عرفان خان اور سری دیوی دونوں ہی میرے بہت قریبی دوست تھے’۔

بعد ازاں عامر لیاقت کے شو کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی تنقید کے بعد اداکار عدنان صدیقی نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور ان کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی۔

عدنان صدیقی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عامر لیاقت کے شو میں شرکت کرنے پر انہیں پچھتاوا ہوا ہے، عامر لیاقت نے نہایت ہی حساس موضوع پر مذاق اڑایا جو کہ ہر لحاظ سے نامناسب ہے۔

عدنان صدیقی نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ کسی کی موت کا مذاق اڑانا انتہائی تضحیک آمیز بات ہے، ان کے اس مذاق سے ناصرف ان کی بلکہ مجھ سمیت پورے ملک کی طرف سے ایک منفی پیغام گیا ہے۔

اداکار عدنان صدیقی نے بھارتی اداکارہ سری دیوی، عرفان خان اور اپنے تمام تر مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ عامر لیاقت کے مذاق کے دوران اگر مجھے دیکھا جائے تو اس وقت میرا رویہ غیر مطمئن تھا اور مجھے برا محسوس ہورہا تھا۔


انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ شو میں شرکت کرنے اور اس طرح کے مذاق سے انہوں نے سبق سیکھا ہے اور اب وہ وعدہ کرتے ہیں کی آئندہ کبھی ایسی حرکت برداشت نہیں کریں گے۔