وزیراعظم عمران خان نے بچوں کے حوالے سے ہونے والے واقعات پر خصوصی ایپلی کیشن بنانے کی ہدایت کر دی

 
0
7673

اسلام آباد اکتوبر 02 (ٹی این ایس): حال ہی میں ملک بھر میں بچوں کے اغوا ، ان سے زیادتی اور زیادتی کےبعد قتل کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جنہوں نے والدین کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ بچوں کے ساتھ پیش آنے والے ان واقعات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے ایک خصوصی ایپلی کیش بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یہ بڑا اقدام بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی روک تھام کے لیے اُٹھایا گیا۔
بچوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات، اغوا اور گمشدگی کیسز کے تدارک کے لیے وزیراعظم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ”میرا بچہ الرٹ” کے نام سے خصوصی ایپلی کیشن بنانے کی ہدایت جاری کر دی ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ”میرا بچہ الرٹ” کے نام سے خصوصی ایپلی کیشن دو ہفتوں میں تیار کر لی جائے گی۔ ایپلی کیشن کی مدد سے گمشدہ بچوں کے درج کوائف فوری پولیس حکام تک پہنچ جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق کسی بھی بچے کی گمشدگی کی صورت میں اس اپیلیکیشن پر کوائف کے اندراج کی صورت میں تمام تفصیلات صوبوں کے آئی جیز اور دیگر سینیئر افسران تک فوری طور پر پہنچ جائیں گی۔ ”میرا بچہ الرٹ” کے نام سے بنائی جانے والی یہ خصوصی ایپلی کیشن پاکستان سیٹیزن پورٹل سے بھی منسلک ہوگی تاکہ کسی بھی واقعے میں بچے کی برآمدگی اور کیس پر پیش رفت پر نظر رکھی جا سکے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں چونیاں سے برآمد ہونے والی بچوں کی لاشیں اور اُس کے بعد بھی بچوں کے ساتھ ہونے والے واقعات نے والدین کو عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے جس کے تحت والدین اپنے بچوں کو گھروں سے باہر نکالنے میں مزید محتاط ہو گئے ہیں۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے ساتھ گھناؤنے فعل کے مرتکب ہونے والے ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ مزید کوئی شخص بچوں کے ساتھ بد فعلی کے گھناؤنے جُرم کا مرتکب ہونے کا سوچ بھی نہ سکے۔