راولپنڈی پولیس نے خواجہ سراؤں کے مسائل حل کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لیے الگ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا

 
0
274

اسلام آباد 11 مئی 2020 (ٹی این ایس): پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے تناظر میں ریم شریف نامی خواجہ سرا کی بطور سہولت کار خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

ریم شریف کو راولپنڈی کے ویمن پولیس اسٹیشن میں کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں کے لیے مختص ڈیسک ان کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور پنجاب بھر میں خواجہ سراؤں کو بطور سہولت کار رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ ریم شریف کی بطور پولیس ملازم تاحال بھرتی نہیں کی گئی۔

مستقبل قریب میں خواجہ سراؤں کی پولیس میں بھرتیوں کا امکان بھی موجود ہے۔

واضح رہے کہ جڑواں شہروں میں ایک ہزار سے زائد خواجہ سرا رہائش پذیر ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریم شریف کو سہولت کار رکھنے سے خواجہ سراؤں کو اپنے مسائل کے حل میں آسانی ہوگی۔

قبل ازیں سندھ کابینہ نے خواجہ سراؤں کے لیے تمام سرکاری اداروں میں 0.5 فیصد نوکریوں کا کوٹا مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خواجہ سرا برادری کو سرکاری نوکریوں کی درخواست دینے کے لیے کاغذات تیار رکھنے کی ہدایت بھی کی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں خواجہ سرا برادری کو قومی دہارے میں لا کر انہیں معاشرے کے کارآمد لوگوں میں شامل کرنا چاہتا ہوں۔

دوسری جانب بیت المال پاکستان میں فیصل نامی خواجہ سرا کو نائب قاصد کی ملازمت بھی دی گئی تھی۔