وزیر اعظم عمران خان سے اتحادی جماعت ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ کی ملاقات

 
0
11496

اسلام آباد 12 مئی 2020 (ٹی این ایس): ملاقات کے بعد وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کو مسلم لیگ ق کے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔

طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے معاملےکی چھان بین کروانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ پورا ملک اس وقت کورونا وائرس کی ایمرجنسی میں ہے، ایسے وقت میں چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) پرانے معاملات کیوں کھول رہے ہیں۔

خیال رہے کہ نیب کی جانب سے گذشتہ دنوں چوہدری برادران کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے 20 سال پرانے مقدمے کو دوبارہ کھولنے کی اطلاعات آئی تھیں جس کے بعد ق لیگ کے رہنماؤں کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔

چوہدری برادران نے عدالت سے ان انکوائریز کی منظوری کو کالعدم قرار دینے اور چیئرمین نیب کی جانب سے دیے گئے احکامات کو غیرقانونی قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

اس حوالے سے اپنے ردعمل میں نیب نے اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ مبینہ مقدمات کی بنیاد پر نیب کے خلاف پروپیگنڈا جاری ہے، چیئرمین نیب نے ان مقدمات پر تا حال نہ کوئی حتمی فیصلہ کیا، نہ ہی کوئی حکم جاری ہوا، پرانے مقدمات کو غیر معینہ مدت تک الماریوں کی زینت نہیں بنایا جاسکتا۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان چوہدری پرویز الہٰی کو (حمزہ شہباز سمیت اپوزیشن ارکان کے) پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی پاداش میں قومی احتساب بیورو (نیب)کے ذریعے تنگ کررہے ہیں۔